اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے خارجہ پالیسی کی تشکیل کیلئے سینیٹ سے مشاورت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا ملکی مفاد پر تمام جماعتیں یکساں مؤقف رکھتی ہیں، پارلیمنٹ کی آواز امریکا تک پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی مرتب کرنے میں پارلیمنٹ سے راہنمائی حاصل کروں گا، مجھے اس ایوان کے تاثرات کا علم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہمیں پارٹی سے بالاتر ہو کر خارجہ پالیسی کو دیکھنا ہو گا، ہماری نیشنل پالیسی، سیکیورٹی پالیسی سب آپس میں مشترک ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو پر امریکی بیان حقیقت سے برعکس ہے، امریکی پریس ریلیز میں جو بتایا گیا وہ حقیقت کے برعکس ہے، فون پر جو رابطہ ہوا وہ اچھی اور تعمیری گفتگو تھی۔ انہوں نے کہا غلطیاں ہو جاتی ہیں، پریس ریلیز میں غلطی ہوئی ہو گی، امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران تعلقات میں بہتری کی بات ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات ایک نئے موڑ پر ہیں۔