اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا، 8 سے 10 نئے وزراء وفاقی کابینہ میں شامل ہوں گے، اعظم سواتی، علی امین گنڈاپور اورعلی زیدی بھی وفاقی وزیر بنیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع صدارتی انتخاب کے بعد ہو گی۔ دوسرے مرحلے میں وزارت کا حلف ا ٹھانے والوں میں سینیٹر اعظم سواتی، رکن قومی اسمبلی علی امین گنڈا پور اور علی زیدی بھی شامل ہوں گے۔ اعظم سواتی کو سائنس وٹیکنالوجی کی وزارت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 16 وفاقی وزراء اور 5 مشیروں نے حلف لیا تھا جبکہ گزشتہ روز شہریار آ فریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ بنایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ وزیر اعظم عمران خان نے خود اپنے پاس رکھی ہے۔