کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف سندھ نے اراکین اسمبلی کو تمام غیر متعلقہ واٹس اپ گروپ چھوڑنے کی ہدایات کر دی ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام اراکین صرف آفیشل گروپ میں شامل رہیں، میڈیا سے متعلقہ واٹس اپ گروپ میں صرف ترجمان شامل رہیں گے۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پارٹی ڈسپلن قائم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم پی ایز اور ایم این ایز کا واٹس ایپ گروپ چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے واٹس ایپ گروپ میں کہا کہ شور مچاتا ہوں تو ٹکٹ ملتا ہے، شور کرتا ہوں تو موبائل نمبر بھی ملتا ہے، خدا کے لئے اب بھی بہتری لے آئیں، بار بار اتنی سیٹیں نہیں ملیں گی، اپنی عزت اپنے ہاتھوں سے خراب نہ کریں، اگر اپنے ہی لوگوں کے ساتھ زیادتی کرنی ہے تو پھر آگے مسائل بنیں گے۔ انہوں نے کہا گورنر صاحب نے مجھے حلف برداری میں بلایا مگر عشائیے میں کیوں نہیں بلایا گیا؟
یاد رہے کہ عامر لیاقت نے گزشتہ روز ایک ٹی وی گفتگو کے دوران کہا تھا کہ تحریک انصاف میں طوفان اٹھ رہا ہے کسی کو اس کا اندازہ نہیں، کراچی کے بہت سے ایم این ایز کو پوچھا ہی نہیں جا رہا۔ پی ٹی آئی کے 14 ایم این اے حکومتی نشستوں پر نہ بیٹھنے کا سوچ رہے ہیں، اس میں کراچی ہی نہیں خیبر پختونخوا کے ایم این ایز بھی شامل ہیں لیکن عمران خان کسی سے مشورہ ہی نہیں کر رہے۔