کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کی لاپرواہی نے بچے کے دونوں بازو ضائع کردیے، احسن آباد میں بجلی کے تار سے جھلسنے والے کم عمر بچے کے دونوں بازو آپریشن کے بعد کاٹ دیے گئے۔
گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے احسن آباد کا رہائشی 8 سالہ عمر گلی سے گزر رہا تھا کہ اس کے دائیں ہاتھ پر بجلی کا تار ٹوٹ کر گر گیا، جسے عمر نے بائیں ہاتھ سے ہٹانے کی کوشش کی اور اس کے دونوں بازوں بری طرح جھلس گئے۔ جس کہ بعد عمر کو سول ہسپتال کے برن سینٹر میں داخل کیا گیا۔ برن سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر احمد العبران کے مطابق کوشش کے باوجود بچے کے بازو نہ بچا سکے، عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلسے ہوئے تھے، بازو کاٹنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔
عمر کے والدین نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ فیملی سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں اور بچے کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور ممکنہ معاونت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں جاری ہونے والی نیپرا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کرنٹ لگنے کے حادثات میں مختلف تقسیم کار کمپنیوں کے 83 ملازمین اور 64 شہری جاں بحق ہوئے۔