کراچی: (روزنامہ دنیا) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ کل (7 ستمبر) سے گورنر ہاؤس کا لان عوام اور فیملیز کیلئے کھول دیا جائے گا۔ گیٹ نمبرایک پر فیملی سے شناختی کارڈ لے کر داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ شہری گورنر ہاؤس میں بابائے قوم کا دفتر اور ان سے متعلق اشیاء دیکھ سکیں گے، سکولز کے بچوں کے لیے بھی تعلیمی دوروں کا اہتمام کیا جائے گا۔
سی پی ایل سی کے دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چاروں گورنر ہاؤسز کے مستقبل کے بارے میں سفارشات مرتب کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے کام شروع کر دیا ہے۔
دریں اثناء سندھ کے گورنر عمران اسماعیل سے ایم کیو ایم پاکستان کے پانچ رکنی وفد نے عامر خان کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں کنور نوید جمیل، خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری اور کراچی کے میئر وسیم اختر شامل تھے ۔ ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی پیکیج، شہرکی مستقبل کی ضروریات کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبوں، وفاق کے تعاون سے جاری فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔