لاہور: (دنیا نیوز) ایم ایم عالم روڈ پر واقع شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ملکیتی پلازے میں آتشزدگی کی ریسکیو سروس 1122 نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی جس کے مطابق آگ میزونیٹ فلور پر موجود تاروں کے گچھے میں لگی جس کے باعث تیسری منزل کے 3کمرے متاثر ہوئے ،پلازے میں کوئی اہم سرکاری دفتر موجود نہیں ہے۔آگ لگی یا لگائی گئی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔
سابق وزیراعلی شہبازشریف کے داماد علی عمران کے پلازے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ کے واقعے کی ریسکیو1122 کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ میزونیٹ فلور پر موجود تاروں کے گچھے میں لگی، آگ پھیلنے کے بعد 43 افراد کو بحفاظت پلازے سے نکالا گیا تاہم گھٹن سے متاثر 7 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران ایک فرد چھلانگ لگانے کے باعث جاں بحق ہوا ، پلازے میں واٹر ہائیڈرنٹ اور ہنگامی خارجی راستے موجود ہیں، 35 افراد انتظامات کے باعث خود باہر نکلنےمیں کامیاب ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے والے فلور پر کوئی اہم سرکاری دفتر نہیں ہے ۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے آگ لگنے کے مشکوک واقعے کی آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔آتشزدگی کے اس واقعے میں صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ جلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آگ لگی یا لگائی گئی اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔