گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ سے حادثات میں اضافہ

Last Updated On 04 September,2018 05:34 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ اور غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت کے باعث حادثات میں اضافہ، پولیس اور انتظامیہ مافیا کو لگام ڈالنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

فیصل آباد کے بیشتر رہائشی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں پر گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ کا کالا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ آئے روز سلنڈرز پھٹنے سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے گیس کی غیر قانونی ری فلنگ اور غیر معیاری گیس سلنڈرز کی فروخت کو لگام نا ڈالی جاسکی۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سید فواد احمد نے گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے سارا ملبہ اوگرا پر ڈال دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اوگرا کا کام ہے اور انہیں اقدامات اٹھانے چاہیں۔ سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد کا اس حوالہ سے کہنا ہے کہ ایسی قانون سازی کی ضرورت ہے کہ غیر قانونی طور پر گیس سلنڈرز تیار کرنے والی لوکل فیکٹریوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ غیر معیاری سلنڈرز کی تیاری رک جانے سے گیس سلنڈرز پھٹنے کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ اور غیر معیاری گیس سلنڈرز کی فروخت کو روک کر انہیں استعمال کرنے والے صارفین کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔

Advertisement