کراچی: (دنیا نیوز) خاندان کو دس لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے، علاج اور مصنوعی بازو لگانے کا خرچہ اٹھایا جائے، کراچی کے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے مطالبات کی تائید کر دی۔
8 سالہ بچے عمر کی معذوری کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسٹرکٹ ایسٹ نے رپورٹ ڈی سی ایسٹ کو بھجوا دی ہے۔ رپورٹ میں واقعے کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھہرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کے الیکٹرک کا ٹرانسمیشن سسٹم بوسیدہ ہے جو مستقبل میں بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے عمر کے خاندان سے تاحال رابطہ نہیں کیا۔ کے الیکٹرک فوری طور پر خاندان کو 10 لاکھ روپے معاوضہ، عمر کے علاج اور مصنوعی بازو لگانے کے تمام اخراجات اور اس کی گریجویشن تک تعلیم کے اخراجات کے الیکٹرک ادا کرے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے بھی مطالبات کی تائید کی ہے۔
دوسری جانب گورنر سندھ نے بھی کے الیکٹرک کو حادثات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی براہ راست غفلت سے واقعہ ہوا، ادارے کو بچے کے لیے فوری پیکج کا اعلان کرنا ہو گا۔
گورنر سندھ سول ہسپتال کے برنس سینٹر میں زیرِ علاج بچے کی عیادت کو پہنچے۔ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا ازالہ کرنا ہو گا۔
ادھر کے الیکٹرک حکام نے کنڈوں اور غیر قانونی کنکشنز کو واقعہ کی وجہ قرار دیا اور کہا عمر کیلئے علاج اور تعلیم کی پیشکش کی مگر والدین کی جانب سے مثبت جوان نہیں مل رہا۔