رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والی خاتون اہلکار کی 2 سال کی سروس ضبط

Last Updated On 03 September,2018 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی گانے پر رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی خاتون اہلکار کی 2 سال کی سروس ضبط کرلی گئی۔

اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کو سٹار بننے کا جنون مہنگا پڑ گیا، چند روز قبل اے ایس ایف کی ایک خاتون اہلکار نے ایک پنجابی گانے پر رقص کرنے کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی جو وائرل ہوگئی۔ حکام نے نوٹس لے کر خاتون اہلکار کو فوری طور پر معطل کردیا۔ معطلی کے بعد انکوائری میں قصور وار قرار پانے کے بعد خاتون اہلکار کی 2 سالہ سروس ضبط کر لی گئی ہے۔

خاتون کی طرف سے آئندہ ایسی کوئی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ اے ایس ایف حکام نے اپنے تمام ملازمین کو خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے سے باز رہے۔ اے ایس ایف حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران و اہلکار انٹرنیٹ پر ویڈیوز ڈالنے سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement