اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل انور منصور نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 500 یا اس سے کم کا موبائل بیلنس استعمال کرنے والوں پرکوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے موبائل کمپنیوں کی زائد ٹیکس وصولی روکنے سے متعلق قانون سازی کیلئے اٹارنی جنرل کی مزید وقت دینے کی استدعا منظور کر لی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے موبائل کمپنیوں کی طرف سے زائد ٹیکس وصولیوں کیخلاف ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ موبائل کمپنیوں کی جانب سے زائد ٹیکس وصولی روکنے کیلئے ابھی تک قانون سازی نہیں کی گئی، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 500 یا اس سے کم کا موبائل فون بیلنس استعمال کرنے والوں پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، 500 سے زائد پر ٹیکس عائد ہوگا، قانون سازی کیلئے مزید مہلت دی جائے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔