اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 5 سالہ ٹیکسٹائل پالیسی جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیرخزانہ اسد عمر اور اپٹما رہنماؤں میں معاملات طے پاگئے۔
اپٹما وفد نے گوہر اعجاز کی سربراہی میں وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی، حکومت اور اپٹما رہنماؤں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ٹیکسٹائل ملز مالکان کو یقین دہانی کرائی کہ رواں ماہ 5 سالہ ٹیکسٹائل پیکج کا اعلان کر دیا جائے گا، نئے مراعاتی پیکج کے تحت ملک بھر میں بجلی اور گیس کے یکساں نرخ ہوں گے جبکہ اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈ بھی 31 دسمبر تک واپس کر دیئے جائیں گے۔
اپٹما گروپ لیڈر گوہر اعجازکا کہنا تھا کہ مراعاتی پیکج پر من و عن عمل ہوا تو برآمدات میں ایک سے 2 ارب ڈالر اضافہ ہو سکتا ہے۔