لاہور: (دنیا نیوز) بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اڈیالہ جیل سے رہا کیے گئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت ناساز ہوگئی، ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دے دیا۔
بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ میں شرکت کیلئےاڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیے گئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپنی طبیعت بگڑ گئی۔ شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف کو گلہ خراب اور بخارکی شکایت ہے، ذاتی معالجین نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ نواز شریف طبیعت ناساز ہونے کے باعث آج تعزیت کیلئے آنے والوں سے نہیں ملیں گے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، سابق وزیراعظم تعزیت کیلئے آنے والوں سےاب کل مل سکیں گے۔
ادھر پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پرر ہائی کا وقت 3 دن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، شریف خاندان کو قانون کے مطابق ہر ممکن سہولت دی جائے گی، بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں تاخیر ہوئی تو پیرول کے مدت مزید بڑھائی جاسکتی ہے۔ اس سے پہلے بیگم کلثوم نواز کے وفات پانے پر اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر رہا کر دیا گیا۔
سابق وزیراعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا جہاں سے کڑے پہرے میں جاتی امرا منتقل کر دیا گیا۔