اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخی کی چاروں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ نواز شریف کا نام پارٹی سے الگ نہیں ہو سکتا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے متفقہ فیصلے میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کے نام کیساتھ ہی رجسٹر رہے گی، ان کا نام ہٹایا نہیں جائے گا۔
یاد رہے کہ چار الگ الگ درخواستوں میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی نااہلی کے باجود مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کا نام موجود ہے، پارٹی سربراہی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بھی سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ نااہل شخص پارٹی سربراہ نہیں ہو سکتا۔ ایسے میں مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلا کی جانب سے دلائل پر مطمئن ہونے کی وجہ سے درخواستیں مسترد کر دیں۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 10 ستمبر کو (ن) لیگ کی رجسٹریشن کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔