پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 میں ری پولنگ کا عمل جاری ہے، حلقے میں 35 پولنگ اسٹیشنز حساس جبکہ 18 حساس ترین قرار دیئے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 23 شانگلہ میں خواتین کے 10 فیصد کم ٹرن آؤٹ کے باعث آج ری پولنگ ہو رہی ہے، پاک فوج کی زیر نگرانی ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ری پولنگ کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
پی کے 23 شانگلہ میں مجموعی ووٹرزکی تعداد 2 لاکھ 555 ہے، حلقے میں 135 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں مرد پو لنگ اسٹیشن 25، خواتین کے لیے 21 جبکہ 79 مشترکہ پو لنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے ہیں، شانگلہ میں مردوں کے لیے 202 پولنگ بوتھ جبکہ خواتین کے لیے 127 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
الیکشن میں 135 پریذائیڈنگ، 678 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ اور 139 پولنگ افیسرز فرائض انجام دیں گے۔ پی کے 23 شانگلہ ون میں خواتین کے 10 فیصد سے کم ووٹنگ کی وجہ سے الیکشن کالعدم قرار دیئے گئے تھے۔ 25 جولائی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے شوکت علی یوسفزئی نے 17 ہزار 399 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کے مخالف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد راشد خان نے 15 ہزار 523 ووٹ لئے، حلقے میں آج پندرہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔