لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کرائے بڑھانے کے حق میں ہوں نہ کسی کچی آبادی کو چھیڑا جائے گا، زمین کی فروخت کیلئے آرڈیننس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک عظیم عورت تھیں، ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر دیا ہے، اسی پر اکتفا کروں گا۔
ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ 100 دن میں ٹرینوں میں وائی فائی اور ٹریکنگ سسٹم لگائیں گے اور تمام بڑے سٹیشنوں پر وائی فائی سسٹم لگائیں گے، کوشش کر رہے ہیں تمام اسٹیشنوں پر شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے، اس کے لئے 7 ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں صاف پانی کی فراہمی کے ٹینڈر دیئے جا رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ نجی شعبے کو سٹیشنوں کی تزین و آرائش کی پیش کش کر رہے ہیں جبکہ روہی اور موئن جودڑو ایکسپریس کواپ گریڈ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔