اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم ہاؤس کی 102 قیمتی لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی گئیں جن میں سے 75 سے زائد گاڑیاں بک گئیں۔
1994 سے 2016 ماڈل تک کی گاڑیاں نیلامی کیلئے رکھی گئی ہیں، ان میں لینڈ کروزرز، مرسڈیز بینز اور بی ایم ڈبلیو بھی شامل ہیں، نیلامی کے لئے رکھی گئی 33 گاڑیاں نئی ہیں۔ حکومت کو توقع ہے کہ ان گاڑیوں کی فروخت سے کروڑوں کی آمدن ہو گی اور مینٹی ننس کے اخراجات سے بھی نجات ملے گی۔
معاون خصوصی وزیراعظم افتخار درانی کا کہنا ہے کہ 102 گاڑیاں نیلامی کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں رکھی گئی ہیں، جن میں 2 بم پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں، 2014 ماڈل کی 5000 سی سی کی 3 گاڑیاں، 3000 سی سی کی 2 گاڑیاں، 16 کرولا، 2 لیکسز اور 2 لینڈ کروزر نیلام ہوں گی۔
افتخا درانی نے مزید بتایا کہ 2016 کی چار مرسڈیز بینز جن میں 2 بلٹ پروف بھی شامل ہیں۔ 2015 ماڈل کی 4 بلٹ پروف لینڈ کروز بھی نیلام کی جائیں گی، 1800 سی سی ہنڈاسوک، 3 سوزوکی کاریں، 2 کلٹس بھی نیلامی میں شامل ہیں، ایک اے پی وی اور ایک 1994 ماڈل کی ہینو بس بھی نیلام ہوگی۔
معاون خصوصی وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب بولی دینے والے کو کل رقم کا 25 فیصد موقع پر ادا کرنا ہوگا، باقی 75 فیصد رقم 7 روز میں ادا کرنا ہوگی، رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں خریدار کی 25 فیصد ادا کردہ رقم ضبط کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا پوری ادائیگی کے بعد ہی گاڑی کامیاب بولی دینے والے کے حوالے کی جائے گی
افتخار درانی نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں وزارت داخلہ کے این او سی سے مشروط ہوں گی، یہ گاڑیاں مارکیٹ ویلیو سے زیادہ مہنگی فروخت کی جائیں گی، خریدار ان گاڑیوں کو سوئینئر کے طور پر خریدیں گے، اس لیے مہنگی ہوں گی۔