الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی ایم این اے کیخلاف کارروائی کی سفارش

Last Updated On 17 September,2018 12:38 pm

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کو انتظامیہ میں سیاسی مداخلت پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے سفارش کی ہے کہ انتظامیہ میں سیاسی مداخلت پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی دلہہ کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا جس میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی پر انتظامیہ میں سیاسی مداخلت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ڈی سی چکوال کا خط اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھجوا دیا الیکشن کمیشن نے اسپیکر سے سفارش کی کہ ڈی سی چکوال کے الزامات کی روشنی میں ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے خلاف قانون کے مطابق تحقیقات کر کے کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے رکن قومی اسمبلی پر الزام لگایا تھا کہ 31 اگست کو سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے انہیں محکمہ مال کے 17 اہلکاروں کی فہرست بھیجی اور من پسند تقرریوں اور تبادلوں کا کہا دوسری جانب سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو فون کرکے صرف ایک پٹواری کا تبادلہ نہ کرنے کا کہا تھا تاہم 17 افسروں کے تبادلے کا حکم دینے کے الزام کی تردید کی۔