اسلام آباد: ( دنیا نیوز) نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سہ پہر چار بجے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بطور صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، خطاب کے بعد قومی اسمبلی کا پارلیمانی سال کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ مشترکہ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ سمیت چاروں صوبوں کے گورنرز اوروزرائے اعلیٰ اورمسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کیلئے دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے صدر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے خطاب پر احتجاج کی بجائے اسے پرامن طور پر سننے کا فیصلہ کیا ہے اور تقریر کے اہم نکات پر اپنا سیاسی ردعمل دیں گے۔ یہ بات مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت کی کارکردگی ہے کیا جس پر بات ہوگی۔ سو دن کے غبارے سے بھی جلد ہوا نکل جائے گی۔ اپوزیشن نے کیا کرنا ہے ’ آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا۔ عوام پر بوجھ لادنے کی کوشش ہوئی تو عوام کی آواز بنیں گے ۔ حکومت کو عوام پر بوجھ لادنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے نعروں اور دعووں میں کتنے سچے تھے یہ فیصلہ وقت کرے گا۔