اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

Last Updated On 17 September,2018 03:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

 وزیر خزانہ اسدعمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری دے دی گئی جبکہ گیس قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوسکے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ گیس نرخوں میں اضافے کے باوجود غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر ترین طبقے کیلئے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 2018 میں گیس کمپنیوں کو 152 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے، عام صارفین کے بل میں 23 روپےاضافہ کیا گیا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں سےمتعلق بھی بہت شور مچایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا گیس کی قیمت میں پہلی دو سلیب پر 10 سے 15 فیصد اضافہ کیا ہے، صارفین کیلئے گیس کی تیسری سلیب میں 19 فیصد اضافہ کیا ہے۔

غلام سرور کا کہنا تھا ایل پی جی کی قیمت 1600 سے کم کر کے 1400 مقرر کی ہے، ایل پی جی پر ٹیکسز ختم کر کے 10 فیصد جی ایس ٹی لگایا گیا ہے، پنجاب کے صارفین مہنگی ایل این جی خرید رہے تھے۔