حکومت کا 1 لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 10 September,2018 06:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دیدی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر فیصلہ مؤخر کردیا گیا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، درآمدی کھاد پر فی بوری 960 روپے کے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ سوئی نادرن اور سدرن کا 2013 تک ایک روپے کا خسارہ نہیں تھا۔اس وقت کمپنیاں 156 ارب سالانہ کے نقصان پر کھڑی ہیں، گزشتہ حکومت کے گیس کے حوالے سے معاہدے حقیقت کے برعکس ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ غریب آدمی پر بوجھ میں کمی کا نظام وضع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سبسڈی کا معاملہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھا جائے گا۔