اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں اپوزیشن نے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی بنانے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا۔
اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات سے سینیٹ کو دور رکھنا مناسب نہیں، حکومت پارلیمانی کمیٹی بنانے کا وعدہ پورا کرے، ورنہ رپورٹ پر شدید تحفظات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی کے قیام کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے بھی کمیٹی میں سینیٹ ارکان کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
اپوزیشن ارکان نے حکومتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے خصوصی نہیں بلکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا معاملہ سب سے پہلے سینیٹ میں اٹھایا گیا، تحقیقاتی عمل میں سینیٹ کو ہی نظر انداز کرنا مناسب نہیں، حکومت تحقیقات کا وعدہ پورا کرے۔
اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ اگر صرف قومی اسمبلی کی کمیٹی نے تحقیقات کی تو پھر دھاندلی کی تحقیقات کے لئے سینیٹ کی الگ سے خصوصی کمیٹی بنائی جائے۔ حکومت خصوصی کمیٹی سے متعلق اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
اس سے قبل سینیٹ میں الیکٹرانک کرائمز کی ممانعت کا ترمیمی بل دو ہزار اٹھارہ پیش کیا گیا جو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ اجلاس میں عام اتنخابات کے دوران آر ٹی ایس کی ناکامی اور لاپتا افراد سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اپوزیشن کی نشاندہی پر کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔