لاہو: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ، گورنر پنجاب سمیت اہم شخصیات کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شریک ہوں گی، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے وفود بھی تعزیت کیلئے پہنچیں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر مشتمل پی ٹی آئی کا وفد آج تعزیت کیلئے جاتی امراجائے گا۔ وفد میں صوبائی وزرا، اسلم اقبال اور محمودالرشید اور سپیکر قومی اسمبلی بھی شامل ہونگے۔ وفد نماز جنازہ میں بھی شرکت کرے گا اور میاں نوازشریف سے اظہار تعزیت کرے گا۔
یاد رہے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو آج جاتی امرا میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا، نمازجنازہ کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی امامت مولانا طارق جمیل کریں گے، جس کے بعد انہیں میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیاجائے گا۔ رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امراء میں ہوگی۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جاتی امرا میں اپنے بھتیجے سلمان شہباز، نواسے جنید صفدر کے ہمراہ سخت سکیورٹی میں شریف میڈیکل سٹی میں بیگم کلثوم کی نمازجنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے اس موقع پر منتظمین کو ہدایت کی کہ انتظامات بہترین ہونے چاہئیں، جنازے میں شریک کسی فرد کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے اپنے والد اور بھائی کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔