لاہور: (دنیا نیوز) بیگم کلثوم نواز کی میت لینے کیلئے شہباز شریف لندن روانہ ہو چکے ہیں، میت کو پاکستان روانہ کرنے سے قبل ریجنٹ اسلامک سینٹر میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔
بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کل دن سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں ادا کی جائیگی جس میں میاں شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز اور اسحق ڈار سمیت مسلم لیگ ن کے کارکنان اور دیگر پاکستانی شرکت کریں گے، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آج رات کو لندن پہنچ رہے ہیں۔
نماز جنازہ کے بعد بیگم کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ایئرپورٹ لے جایا جائے گا اور ان کے جسدِ خاکی کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے رات دس بجے پاکستان روانہ کیا جائیگا جو جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعہ کی شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی جبکہ رسم قل اتوار کو عصر تا نماز مغرب جاتی امرا میں ہونگے۔