لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے فوری طور پر 3 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے بکنگ آفس رات 12 بجے تک کھلیں گے، 10 ہزار ملازمتوں کی سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں فلٹریشن پلانٹ لگانے کیلئے 15 اکتوبر سے ٹینڈر دے رہے ہیں، وائی فائی اور ٹریکنگ 100 دن میں لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایم ایل ون اور ایم ایل 2 ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ایم ایل ون سی پیک کا حصہ ہے جبکہ ایم ایل 2 کا بھی آغاز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا سرمایہ کار براہ راست لاہور ہیڈکوارٹر آسکتے ہیں، ہمارے بہت اچھے معاہدے ہوئے ہیں، تمام سرمایہ کاروں کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے علاوہ میرے پاس اور کوئی کام نہیں ہے، پارسل گڈز پر ریلوے میں بہتری ہوئی ہے، ایک ریلوے کا سیمی ہیڈکوارٹر کراچی میں رکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا بجلی کے پری پیڈ میٹرز کی ای سی سی سے منظوری لے لی ہے، ریلوے میں مال گاڑیوں میں نمایاں اضافہ کیا جائیگا، ریلوے میں مانیٹرنگ کے نظام کیلئے نجی شعبے کو دعوت دی ہے۔