خواتین کی مخصوص نشستوں پر تنازع آئین کی غلط تشریح، الیکشن کمیشن

Last Updated On 26 September,2018 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کے حوالے سے تنازع کو آئین کی غلط تشریح قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے کہا کہ پچیسویں آئینی ترمیم کی غلط تشریح کی جا رہی ہے۔ اس آئینی ترمیم کا اطلاق موجودہ الیکشن پر نہیں بلکہ آئندہ عام انتخابات سے ہونا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ موجودہ اسمبلی میں فاٹا کی بارہ نشستیں خیبر پختونخوا سے بدستور الگ ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھ کر پنتالیس ہو جائیں گی۔ اسی تناسب سے صوبے سے خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد میں ایک کا اضافہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں خیبر پختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشستیں بڑھ کر دس جبکہ پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشست ایک کم ہو کر بتیس ہوجائے گی۔ اس تعداد کا اطلاق رواں اسمبلی پر نہیں ہو گا۔