اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان، حمزہ شہباز، کیپٹن (ر)صفدراور سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر 14 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری کئے گئے نوٹسز واپس لے لئے۔
پیر کو چیف الیکشن کمشنرسرداررضا کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے این اے 63، این اے 162، این اے 120 اور پی پی 20 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے انکے وکیل شاہد نسیم گوندل نے موقف اختیار کیا کہ یہ نوٹس ایک سال پرانا ہے، اس وقت ہم اپوزیشن میں تھے اب حکومت میں ہیں، ہم نے نوٹس ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، ہائیکورٹ سے پٹیشن خارج ہو گئی۔
جس پرالیکشن کمیشن نے عمران خان، حمزہ شہباز، کیپٹن(ر)صفدر، سینیٹر پرویز رشید، بلال یاسین، مائزہ حمید، شائستہ پرویز اور طلال چوہدری سمیت دیگر 14 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جاری نوٹسز واپس لے لئے اورمستقبل میں محتاط رہنے کہ ہدایت کر دی۔