لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قواعد ضوابط پورے کرنے پر ایک ماہ میں قانونی حیثیت دینے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایل ڈی اے نے متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیکر ان سے بنیادی سہولتیں چھین لیں ہیں، ایل ڈی اے حکام اگر بروقت ایکشن لیتے تو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بن ہی نہیں سکتی، لہذا عدالت ایل ڈی اے قواعد و ضوابط پورے کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو لیگل کرنے کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیں جس پر چیف سیکرٹری نے عدالت میں بیان دیا کہ عدالتی حکم پر من و عن عمل ہوگا۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ ہم تمام ہاؤسنگ سوٹیسز کے مالکان سے ملکر قواعد ضوابط بنالیتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے واضح کیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کی جائے۔