لاہور(روزنامہ دنیا )صوبائی دارالحکومت میں تین روزہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2018ءکا آغاز ہو گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کیا ۔
اس موقع پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پولٹری سیکٹر سے متعلق خام مال کی درآمدات پر عائد تمام قسم کی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے تا کہ پولٹری برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔
دنیا بھر میں کہیں بھی پولٹری مصنوعات یا ان کے خام مال پر ڈیوٹی اور ٹیکسز عائد نہیں۔ ملک میں پولٹری سیکٹر کے پاس پولٹری کی پیداوار دگنی کرنے کی استعداد موجود ہے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ ملک میں پولٹری سیکٹر نے بہت ترقی کی ہے تاہم اگر کسی شعبے میں کمی ہے تو اسے بھی دور کیا جائے ۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پولٹری سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے ۔تین روزہ پولٹری ایکسپو میں 300غیر ملکیوں سمیت مرغبانی صنعت کے تمام شعبہ جات سے منسلک تقریباً 10ہزار کاروباری افراد روزانہ شرکت کریں گے جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 10 سے 15ہزار افراد بھی روزانہ نمائش دیکھنے آئیں گے ۔