کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن، رات گئے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

Last Updated On 02 October,2018 03:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کی حسن کارکردگی کے باعث کراچی ایک بار پھر بریک ڈاؤن کی لپیٹ میں آگیا، رات گئے شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

رات گئے بجلی کی اچانک بندش سے شہر کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، صدر، ڈیفنس، کورنگی، اولڈسٹی اور ناظم آباد، گلشن، ملیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی، لیاقت آباد، عزیز آباد اور ڈیفنس کے علاقوں میں تاریکی کا راج رہا۔ قائد آباد، شاہ لطیف اور اسٹیل مل کے اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی غائب رہی۔

اچانک بجلی کی بندش سے پاور موٹریں بند ہو گئیں اور پانی کی فراہمی کا سلسلہ رک گیا، شہریوں کو نماز فجر کے لئے مساجد میں وضو کے لئے پانی نہ مل سکا جبکہ بیشتر علاقوں میں صبح بچوں کو بنا نہائے دھوئے اور بغیر استری کے یونیفارم پہن کر جانا پڑا۔

ادھر ترجمان کے الیکٹرک نے اندھیرے میں ڈوبے شہر کی یہ وضاحت دی ہے کہ ہوا میں نمی کے باعث ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا، جہاں جہاں بجلی بند ہے، فالٹ تلاش کرنے کے بعد بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر ہاؤس، ائر پورٹ ، سول، جناح اور لیاری ہسپتال کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ کو بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ باقی ماندہ متاثرہ مقامات پر تعطل جلد بحال کر دیا جائے گا۔ کے الیکٹرک کا عملہ جلد اور بجلی کی مکمل بحالی کیلئے کوشاں ہے۔