العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس: نواز شریف احتساب عدالت پیش

Last Updated On 03 October,2018 01:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔

نواز شریف نے احتساب عدالت میں صحافی کے رانا مشہود کے بیان سے متعلق سوال پر کہا کہ آپ بہتر جانتے ہیں، شہباز شریف نے نوٹس لے لیا ہے، میں کسی اور کیفیت میں ہوں آپ سیاسی سوال پوچھ رہے ہیں۔ نواز شریف نے جواب میں غالب کا شعر بھی پڑھا اور کہا غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے، بیٹھے ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے۔ انہوں نے کہا میں اپنی کیفیت سے متعلق اور جنرل بات کر رہا ہوں، رانا مشہود کے بیان کے حوالے سے نہیں کہہ رہا۔

یاد رہے گزشتہ روز العزیزیہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح کرنی تھی لیکن خواجہ حارث طبیعت ناساز ہونے کے باعث عدالت پیش نہیں ہوئے۔ خواجہ حارث کی عدم پیشی پر جج محمدارشد ملک نے ریمارکس دئیے کہ رواں ہفتے کیس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اب تک سپریم کورٹ کی ٹرائل مکمل کرنیکی مدت میں بھی توسیع نہیں ملی۔