کراچی: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4 سال کی بلند ترین سطح کو چھو گئیں، پاکستان میں پٹرول مزید مہنگا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوگیا، جس کی سب سے بڑی وجہ ایران پر آئل کی برآمدات پر پابندی ہے۔ امریکی پابندی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی سپلائی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوگئی ہے اور طلب اپنی جگہ برقرار ہے۔ 2 روز کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 3 ڈالر فی بیرل بڑھ چکی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 75 ڈالر 50 سینٹس فی بیرل اور برطانوی خام تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھ سکتیں ہیں۔ دوسری جانب خام تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان کا درآمدی بل بھی بڑھے گا اور تجارتی اور جاری کھاتوں کے خسارے میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔