اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور کر لیا گیا، حکومت نے نان فائلرز کو گاڑی اور جائیداد خریدنے کی اجازت دینے کی شق واپس لے لی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دوسو سی سی موٹر سائیکل خریدنا اور وراثتی جائیداد کی منتقلی ممکن ہو گی، اوورسیز پاکستانیز گھر اور گاڑی لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا بڑے نان فائلرز کیخلاف کل سے کمپین کا آغاز ہوگا، 169 بڑے نان فائلرز کیخلاف نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، ابھی بھی وقت ہے ٹیکس نیٹ میں آجائیں، ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں وہ لوگ جو بڑی بڑی رقوم بینک میں رکھتے ہیں انکی معلومات حاصل کریں، صاحب ثروت ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک بہتر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم کسانوں کیلئے کھاد پر سبسڈی کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں، سیاسی تقریریں جتنی مرضی کریں، لیکن خدا کا واسطہ سچ قوم کو ضرور بتا دیں کہ آج معیشت کہاں کھڑی ہے۔
وفاقی ویزر خزانہ نے کہا بلوچستان میں بجلی کے منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا، وفاق نے بجلی فراہمی کے چھوٹے صوبوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا ماضی میں اپوزیشن معیشت پر سیاست نہیں کرتی تھی، انہوں نے معیشت کو چاروں خانے چت کر دیا، اوگرا کے مطابق 154 ارب روپے کا خسارا ہے۔