واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے پاکستان اور امریکا کا تعاون ناگزیر ہے، اسلام آباد افغان مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں مسائل حل کرنے کیلئے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
واشنگٹن میں پاک امریکا وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد جاری امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیہ میں ملاقات کو 5 ستمبر کی بات چیت کا تسلسل قرار دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق مائیک پومپیو نے کہا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کا مل کر کام کرنا جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان افغان مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، افغان امن مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے ماحول سازگار ہے۔ پاکستان اور امریکی وزیرخارجہ نے افغانستان سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مثبت ڈائیلاگ جاری رکھنے پر زور دیا۔