اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی درست تھی یا نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ ہفتے فیصلہ سنانے کا عندیہ دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ علی جہانگیر صدیقی کے وکیل وسیم سجاد پیش نہ ہوسکے تاہم درخواست گزار شہزاد صدیق کی پیروی حسن مان ایڈووکیٹ نے کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ نئی حکومت کو یہ معاملہ دیکھنے دیا جائے کیونکہ یہ ایگزیکٹیو کا اختیار ہے، ویسے بھی امریکا میں سفیر کی تعیناتی مستقل بنیادوں پر نہیں بلکہ کنٹرکٹ پر ہے اور ایگزیکٹو کسی بھی کنٹرکٹ ملازم کی تعیناتی کرسکتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل حسن مان نے موقف اختیار کیا کہ ایگزیکٹو کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں، درخواست میں رولز آف بزنس کارول چار چیلنج کیا ہے، علی جہانگیر صدیقی سفیر بننے کے اہل نہیں تھے، ان کی تقرری صرف اور صرف سیاسی بنیادوں پر کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ علی جہانگیر کی تعیناتی کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا، عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتےتک ملتوی کر دی۔