راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے سرکاری ہاسٹل میں طالبہ کی پراسرار موت کے باعث کالج میں چھٹے روز بھی تدریسی عمل بحال نہ ہوسکا، نئی تحقیقاتی کمیٹی کا دوسرا سیشن آج ہوگا۔
گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے ہاسٹل میں طالبہ عروج فاطمہ کی پراسرار موت کے بعد سے تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں۔ آج چھٹے روز بھی سیکیورٹی گارڈز نے طالبات کو کالج میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ادھر واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم محکمہ تعلیم کی کمیٹی میں اچانک توسیع کی وجہ سے رپورٹ کی تیاری تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے مداخلت کرتے ہوئے کالج کی طرف سے قائم کی گئی 3 رکنی کمیٹی میں توسیع کرادی تھی اور 20 رکنی نئی کمیٹی قائم کرکے اس میں کالج کی طالبات کو بھی شامل کرا دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پہلے سے قائم 3 رکنی کالجز کمیٹی واقعے کی 80 فیصد تحقیقاتی کا کام مکمل کرچکی تھی۔ اب نئی کمیٹی ازسر نو تحقیقات کررہی ہے اور کمیٹی کا دوسرا سیشن آج ہوگا۔