راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ دہشتگرد تعلیمی ادارے تباہ کرنے، شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔
امن کے دشمن انجام کو پہنچے، آرمی چیف کے 11 دہشتگردوں کے موت کے پروانوں پر دستخط، دہشتگرد شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان دہشت گردوں کی کارروائیوں سے 49 شہری، فوج اور پولیس کے 20 اہلکار شہید جبکہ 148 زخمی ہوئے تھے۔
دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ فوجی عدالتوں نے جرم ثابت ہونے پر تمام دہشتگردوں کو سزائیں سنائیں تھیں۔
سزائے موت پانے والوں میں عین اللہ، نیک ولی، فضل منان، رحمت زادہ، زید محمد، نعمت اللہ، وسیم زادہ، محمد رحمان، عظمت اللہ، محمد رقیم اور اکرام خان شامل ہیں۔