راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے آنیوالے دہشتگردوں کیخلاف بڑی کارروائی، آپریشن میں 9 دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔
ملک دشمنوں کے خلاف آپریشن ردالفساد، پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقوں گڑلمئی اور سپیرا کنڑالگد میں کیا گیا۔ اطلاع ملی تھی کہ سرحد پار سے آنے والے دہشتگرد کمپاؤنڈ میں چھپے ہیں۔ ملک دشمنوں سے لڑتے ہوئے کیپٹن جنید، حوالدار عامر، عاطف، ناصر، عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ دہشتگردوں سے کلیئر کرالیا گیا ہے جبکہ مارے گئے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔