اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ملک میں امن واپس لانے کیلئے مسلح افواج اور قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں، اپنی بقاء کیلئے مزید چوکنا رہنے اور درست سمت میں آگے بڑھنا ہوگا، مشکل وقت گزر چکا، اب امن کی مکمل بحالی کا مرحلہ ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ائیر یونیورسٹی میں بین الاقوامی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اپنی بقاء کیلئے مزید چوکنا رہنے اور درست راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے، مربوط قومی پالیسی کے ذریعے ہی تمام خطرات سے نمٹا جا سکتا ہے، ملک میں امن واپس لانے کیلئے مسلح افواج اور قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بہتر سکیورٹی ماحول کیلئے پاک فوج اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، قوم کی بھرپور حمایت سے دہشتگردی کو مؤثر انداز میں روکا گیا، ملک کو درپیش خطرات کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔