راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے ہاسٹل میں طالبہ کی ہلاکت پر ساتھی طالبات سڑکوں پر آگئیں، انتظامیہ پر واقعے کو خود کشی کا رنگ دینے کا الزام لگادیا۔
راولپنڈی میں کالج کے ہاسٹل سے طالبہ کی لاش برآمد ہوئی جس پر ساتھی طالبات نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کی بڑی تعداد راولپنڈی میں سکس روڈ پہنچی، مظاہرہ کیا اور ٹریفک بلاک کر دی۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بھی لگائے اور حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا۔
ساتھی طالبات نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا تھا ساتھی طالبہ کی موت انتظامیہ کی غفلت سے ہوئی، طالبہ کی طبیعت خراب ہوئی مگر اسے ہسپتال نہیں لے جایا گیا۔ طالبہ کے نانا نے بتایا رات نو بجے بات ہوئی، اسے کوئی ٹینشن نہیں تھی۔
کالج ہاسٹل سے ملنے والی طالبہ کی لاش کو پولیس نے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق طالبہ بی ایس کی اسٹوڈنٹ تھی، موت بظاہر طبعی لگتی ہے، تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔