کوئٹہ :(روزنامہ دنیا) نامزد گورنر بلوچستان جسٹس(ر)امان اﷲ یاسین زئی نے بلوچستان کے 24ویں گورنر کے طورپر عہدے کا حلف اٹھالیا، ان سے حلف چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محترمہ سیدہ طاہرہ صفدر نے لیا۔
تقریب حلف برداری گزشتہ روز گورنرہاؤس بلوچستان میں ہوئی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ،سپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجو ،ڈپٹی سپیکر سرداربابرموسیٰ خیل ،صوبائی وزرا سردارصالح بھوتانی ،سردارعبدالرحمن کھیتران ،عبدالخالق ہزارہ،عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی ،جمعیت علما اسلام کے سید فضل آغا،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے نصراﷲ ،تحریک انصاف کے مبین خان خلجی بھی موجود تھے ۔اس سے قبل بھی وہ گورنربلوچستان رہ چکے ہیں۔
دوسری طرف بلوچستان نیشنل پارٹی نے گورنر بلوچستان کی حلف برداری میں شرکت نہیں کی، انکی تقرری میں بی این پی مینگل کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، گورنر بلوچستان کی تعیناتی پر تحفظات سے تحریک انصاف کو آگاہ کیا جائیگا، ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی نے گورنر بلوچستان کی نامزدگی پر اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اتحادی ہونے کے نا طے بلوچستان نیشنل پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا ،گورنر بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی، پی ٹی آئی حکومت بی این پی مینگل سے کئے جانیوالے معاہدے پر خلاف ورزی کر رہی ہے