لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا، چند ناعاقبت اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، عمران خان نیا پاکستان بنانے کا وعدہ پوراکریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی، سردار عثمان بزدار نے سینیٹر منتخب ہونے پر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا تبدیلی کے سفر میں شہزاد وسیم اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا۔
وزیراعلیٰ نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند ناعاقبت اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں، یہ عناصرجان لیں کہ 22 کروڑ عوام نئے پاکستان کی تعمیر چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار نے ملک کی ترقی کیلئے متحد ہو کر کام کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نیا پاکستان بنانے کا وعدہ پوراکریں گے۔