اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عثمان کاکڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ نیب اور حکومت میں گٹھ جوڑ ہے، شہباز شریف کو وزیراعظم کے کہنے پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا، نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
عثمان کاکڑ نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے الزامات کی بوچھاڑ کر دی اور کہا کہ یہ ابھی فیصلہ ہونا ہے کہ اس حکومت کا قانونی جواز ہے بھی یا نہیں، دھاندلی زدہ حکومت احتساب کرنے چلی ہے۔ الیکشن 2018ء میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔
سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ حکمران سن لیں، اگر عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو آپ کو کوئی حوالدار نہیں بچا سکے گا۔ نیب پر پارلیمنٹ سمیت کسی کو اعتماد نہیں ہے۔ اختیارات کا غلط استعمال کرنا کسی کے لیے بھی جائز نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایوان چلانا چاہتے ہیں مگر ایوان غیر مہذب طریقے سے نہیں چل سکتا۔ شہباز شریف کے ساتھ ناقابل برداشت رویہ اختیار کیا گیا، انھیں فوری رہا کیا جائے اور آئندہ کسی سے یہ رویہ اختیار نہ کیا جائے۔