نیب کا اہم اجلاس، کرپشن کے متعدد کیسز کیخلاف تحقیقات کی منظوری

Last Updated On 10 October,2018 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرِ صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کرپشن کے متعدد کیسز کیخلاف انکوائریز کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 5 مقدمات کے باقاعدہ ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کرنے جبکہ کرپشن کے 22 مقدمان کی باقاعدہ تحقیقات کی منظوری دی۔ اعلامیہ کے مطابق قومی احتساب کمیشن خیبر پختونخوا کے افسران کیخلاف بھی انکوائری ہو گی۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق اور ریلوے افسران کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی ہے۔

ان سیاسی شخصیات کے علاوہ سابق وفاقی وزیر منظور وٹو، منظور وسان، نواب وسان، سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری، سابق وزرا جن میں اسحاق ڈار، انوشہ رحمان کیخلاف بھی باقاعدہ تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

ان کے علاوہ نیب نے سابق وفاقی سیکرٹری شہزاد ارباب اور عمران چودھری کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔