لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا کیس، سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی نیب پہنچ گئے، پہلی پیشی کے موقع پر زائد اثاثہ جات کے حوالے سے سوالنامہ نیب نے تھما دیا۔
نیب لاہور میں سابق وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں زیرِ تفتیش ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے اس بیان کے بعد کہ ان کے کاروباری معاملات سلمان شہباز دیکھتے ہیں، اس پر نیب نے سلمان شہباز کو بھی طلب کیا۔
سلمان شہباز نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور ڈیڑھ گھنٹہ نیب آفس میں موجود رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب حکام نے سلمان شہباز کو سوالنامہ دیا ہے جس کے جواب کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی 29 سے زائد کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں سلمان شہباز شامل ہیں۔ شریف خاندان کے کاروبار میں سلمان شہباز اپنے والد شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سلمان شہباز چنیوٹ پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی ہیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق چنیوٹ پاور کمپنی کے لئے ماضی میں بینکوں سے 7 ارب روپے قرض لیا گیا لیکن چنیوٹ پاور کمپنی کے لئے قرض لینے کے باوجود کمپنی بند ہے۔
شریف خاندان کے کاروبار میں شوگر ملز، ٹیکسٹائل ملز، سٹیل ملز اور پیپر ملز بھی شامل ہیں جبکہ شریف خاندان کا پولٹری، فیڈز اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں بھی کاروبار ہے۔