اگر یہی احتساب ہے تو اس پر افسوس ہے: نواز شریف

Last Updated On 09 October,2018 12:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے اگر یہی احتساب ہے تو اس پر افسوس ہے، شہباز شریف نے اپنی دیانتداری پر کسی کو انگلی نہیں اٹھانے دی، غیر ملکی بھی شہباز شریف کے کام کی تعریف کرتے ہیں، ایسے لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک دکھ کی بات ہے۔

 سابق وزیراعظم احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ایسے قوانین نا انصافی اور ظلم کی بنیاد رکھتے ہیں، ہمارے دور میں نیب قانون میں اصلاحات ہونی چاہئیں تھیں، پرویز مشرف دور کے سیاہ قوانین ختم ہونے چاہیئے تھے۔ انہوں نے کہا ہم نے حکومت میں رہ کر اچھی روایات ڈالیں، کسی سے سیاسی انتقام لینے کی کوئی ایک مثال بتا دیں، بعض لوگوں پر کیسز تھے پھر بھی ہم نے درگزر سے کام لیا، ملک آگے بڑھانے کیلئے درگزر سے کام لینا ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا ڈالر مہنگا ہوگیا، اسٹاک مارکیٹ نیچے جا رہی ہے، ان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا جائے تو ملک کا کوئی شخص نہیں بچ سکتا، نظام درست ہونے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کے کچھ لوگوں نے شہباز شریف پر الزام لگایا، چینی حکومت کی وضاحت پر الزام لگانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، جس کمپنی کو شہبازشریف نے ٹھیکہ نہیں دیا کے پی حکومت نے دے دیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا نیب تحقیقات کرے خیبر پختونخوا حکومت نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا ؟ ایسے کاموں پر تو ریفرنس دائر ہونا چاہئے۔