اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد سمیت لاہور اور ملتان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا۔
شہر اقتدار اسلام آباد میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات گرانے کے لئے جدید ہیوی مشینری سے کام لیا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام موقع پر موجود ہیں۔ دکانوں، مکانات اور بینکوں کے آگے لگائے گئے بیرئرز رکاوٹیں اور سیمنٹ کے ہیوی بلاکس ہٹا کر راستوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے اینٹی ایکروچمنٹ سیل کے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی نفری بھی موجود ہے۔
دوسری جانب ملتان میں انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے شیرشاہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بڑی کارروائی کی، سڑک کنارے قابضین کی غیر قانونی دکانیں، پتھارے اور رکاوٹوں کو گرا دیا گیا ہے۔ تجاوزات گرنے کے لئے ہیوی مشینری سے کام لیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے سڑک سے تجاوزات مسمار کر کے علاقے کو کلیئر کر دیا
ادھر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انسداد تجاوزات کمیٹی کا سربراہ متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوگا، کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔