اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے تھر میں بچوں کی ہلاکت سے متعلق کیس میں سندھ حکومت کی رپورٹ مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ جنگی بنیادوں پر کام کریں، پانی، خوراک کے ٹرک بھجوائیں۔
تھر میں بچوں کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ، صحت، خوراک، پاپولیشن کے سیکرٹریز کو نوٹس جاری کر دیئے۔ چیف جسٹس نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ نے کاغذی کارروائی کی ہے، آپ نے جو رپورٹ دینی ہے میرے لیے نا قابل قبول ہے، ایک آزاد کمیشن قائم کر دیتے ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا اسپتالوں کی بدترین حالت، وہاں بلیاں لوتھڑے اٹھا کر کھا رہی ہیں، تھر سمیت دیگر علاقوں میں صورتحال کی بہتری کیلئے تحریری تجاویز دیں، 10 دن کے اندر تجاویز دیں، کیا کرنا چاہیے ؟۔
چیف جسٹس نے کہا سیکرٹری صاحب یہ سب دھوکا ہے، آپ گراف بنا کر لے آتے پیں، جنگی بنیادوں پر کام کریں، پانی، خوراک کے ٹرک بھجوائیں، میں تو تھر جا کر بیٹھ جاؤں گا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔