اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پاکپتن مزار کی زمین پر دکانوں کی تعمیر سے متعلق کیس میں 1985 کے وزیراعلیٰ پنجاب نواز شریف سمیت 8 ہزار افراد کو نوٹس جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ میں پاکپتن مزار کی زمین پر دکانوں کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے 29 سال قبل محکمہ اوقاف کی اراضی پر دکانیں تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی، اوقاف کی اراضی پر کس قانون کے تحت اجازت دی گئی تھی، اس وقت سیکرٹری اوقاف کون تھا انہیں بھی نوٹس جاری کر رہے ہیں، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا وہ سکریٹری صاحب وفات پا چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کس قانون کے تحت نوٹیفیکیشن واپس لیا گیا، سپریم کورٹ پاکستان کے آئین کی محافظ ہے۔
عدالت نے 8 ہزارسے زائد افراد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔