لاہور: (دنیا نیوز) نیب کی درخواست پر امیگریشن حکام نے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق اور قیصر امین بٹ کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق اور قیصر امین کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔
ذرائع نیب کے مطابق ان شخصیات کے پاسپورٹس بلاک کرنے کی درخواست پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ کو کی گئی تھی۔ نیب نے دونوں بھائیوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کر رکھا ہے، اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی درخواست بھی پہلے سے دی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملے میں کابینہ کی منظوری لی جائے گی، دونوں شخصیات کا نام نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ابھی دونوں بھائیوں کے نام بلیک لسٹ میں شامل کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹس بلاک کر دیے گئے ہیں۔ پاسپورٹ نہ ہونے پر دونوں بھائی بین الاقوامی سفر نہیں کر سکتے۔