این اے 243 ، عامر ولی ، عالمگیر خان میں کانٹے کا مقابلہ

Last Updated On 14 October,2018 11:24 am

کراچی (دنیا نیوز ) ضمنی الیکشن میں این اے 243 میں عامر ولی اور عالمگیر خان میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ آج ہونے والے الیکشن میں 22 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

این اے 243 کی نشست وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خالی کی گئی تھی اور اس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے اہم امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ اسی نشست سے ایم کیو ایم کے عامر ولی الدین چشتی ، تحریک انصاف کے عالمگیر خان، پاک سرزمین پارٹی کے آصف حسنین، پی ایس 87 سے پیپلز پارٹی کے محمد ساجد اور تحریک انصاف کے قادر بخش آمنے سامنے ہیں۔

این اے 243 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 4 لاکھ دو ہزار 731 ہے ، حلقے میں 216 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جہاں ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرینگے ۔ حلقے میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 11 ہزار 510 ہیں جبکہ خواتین ووٹرز ایک لاکھ 91 ہزار 221 کی تعداد میں رجسٹرڈ ہیں۔

انتخابی مہم میں الیکشن سے ایک روز قبل تک امیدواروں اور ان کے حامیوں کی جانب سے ووٹرز سے ملاقاتوں اور انہیں اپنے حق میں قائل کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ امیدوار حلقے میں ووٹرز کے گھر گھر گئے اور انہیں اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے قائل کرتے رہے۔